اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری اپنے صاحبزادے اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سامنے بے بس ہوگئے۔ انھوں نے اپنے قریبی دوستوں کے سامنے اعتراف کیا کہ بلاول میری کوئی بات نہیں مانتا۔
پیپلزپارٹی کے ذمے دار ذرائع کے مطابق سابق صدر زرداری، بلاول بھٹو کی متنازع تقاریر کی وجہ سے سخت پریشان ہیں، بلاول نے بیک وقت (ن)لیگ، متحدہ قومی موومنٹ اور تحریک انصاف کوتنقیدکا نشانہ بنایاجس کی وجہ سے پیپلزپارٹی اورمتحدہ کے درمیان سندھ میں سخت کشیدگی ہے۔
پیپلزپارٹی کے کئی سینئر رہنماؤں کے علاوہ بعض قریبی دوستوں نے سابق صدرسے بات کی کہ وہ بلاول کوسمجھائیں۔ بیک وقت اتنے محاذ نہ کھولے جائیں جس پرزرداری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ ’’نوجوان اولادکہا سنتی ہے‘‘میں نے اسے بہت سمجھایا۔
وہ میری ایک نہیں سنتا، ذرائع کے مطابق بلاول پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے بھی اپنے والدآصف زرداری کونظراندازکرکے تمام سینئر رہنماؤں کو فارغ کر کے نوجوان رہنماؤں کوآگے لانیکا فیصلہ کر چکے ہیں، زرداری نے بلاول کومشورہ دیاکہ وہ سینئراور نوجوان رہنماؤں کو ایک ساتھ لیکر چلیں۔