کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو جزائر سے متعلق ‘پاکستان آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2020’ واپس لینے کے لیے بدھ تک کا الٹی میٹم دے دیا۔
کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھاکہ سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، میں خبردار کرتا ہوں کہ بدھ تک جزائر کا آرڈیننس واپس نہیں لیا تو سندھ اسمبلی اور سینیٹ میں قرارداد لاکر اسے مسترد کردیں گے، یہ جزائر یہاں کے ماہی گیروں کے ہیں ان پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔
بلاول کا کہنا تھاکہ عمران خان نے کراچی کو صرف دھوکا دیا ہے، ایک ہزار ارب کے پیکج کا سنا تھا اس میں سے ایک روپیہ نہیں ملا، منی پاکستان کے لیے کچھ نہیں دیا الٹا یہاں کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ یہ کشمیر کا سفیر بننے کا دعویٰ کرتے تھے لیکن یہ کلبھوشن کے وکیل بن گئے، انہوں نے کشمیر کا سودا کرلیا ہے، مودی کی بربریت پر ہمارا مؤقف کمزور ہوگیا ہے اور دوست ممالک سے ہمارے تعلقات خطرے میں پڑ گئے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ اس نالائق اور نااہل وزیراعظم کو جانا ہوگا، اس وزیراعظم کی بنیاد ہی نہیں ہے، کیا یہ سمجھتے ہیں ہم دھمکیوں سے ڈر جائیں گے، اگر ہمیں جیلوں میں ڈالا جائےگا تو ہماری حق کی صدائیں جیلوں کی دیواریں ہلا دیں گی، ہم نے اس ملک کی جمہوریت کا دفاع اپنے خون سے کیا ہے، بےنظیر بھٹو نے میثاق جمہوریت کی بنیاد رکھی اور اس کے لیے جان بھی دی، ہم نے جمہوریت بحال کرائی اور 73 کے آئین کو بحال کرایا، آج بھی ان ہی لوگوں سے مقابلہ ہے، ہمیں یہ لڑائی پارلیمنٹ، سڑکوں اور ہر جگہ لڑنی ہے۔
بلاول کاکہنا تھا کہ بھوکے بچے کے رونے پر کیسے پابندی لگاؤ گے؟ عوام کی طاقت کے سامنے زور اور جبر والے نہیں ٹھہر سکتے، ہم بھی عوام کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، ہمیں نیب کی دھمکی، قید کی دھمکی؟ ہم دھماکوں سے نہیں ڈرے تو کیا اس سلیکٹڈ سے ڈر جائیں گے؟
انہوں نے کہا کہ یہ جنگ صرف پی ڈی ایم کی نہیں، مزدوروں، کسانوں، لیڈی ہیلتھ ورکرز، سرکاری ملازمین اور ملک کے ہر طبقے کی ہے، وزیراعظم کو جانا پڑےگا، یہ تحریک بھوک، ناانصافی اور ظلم کے خلاف ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں حقیقی جمہوریت چاہیے، ہمیں حقیقی جمہوریت دو، ہمیں ایسی جمہوریت چاہیے جہاں حکومت عوام کی مرضی سے بنتی ہیں، ہمیں وہ جمہوریت چاہیے جہاں حکومت عوام کی مرضی سے بنتی ہیں، آج پوری قیادت ایک پیج پر ہے، ان سلیکٹڈکو ہمارے پیج پر آنا پڑے گا۔