بلاول کی قیادت میں کشمیریوں کی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا: چوہدری عبدالمجید

 Chaudhry Abdul Majeed

Chaudhry Abdul Majeed

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ کراچی میں 18 اکتوبر کو بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ پاکستانی سیاست کا رخ بدل دے گا۔ کشمیریوں کی آزادی کا خواب بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شرمندہ تعبیر ہو گا۔ جنگ بندی لائن پر بھارتی افواج کی فائرنگ بھارت کا وحشیانہ چہرہ ہے۔ کشمیری بھارتی فوجی طاقت کے سامنے اپنے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ وہ گزشتہ روز جوہر گلستان میں پیپلزپارٹی آزاد کشمیر سندھ زون کے زیر اہتمام 18 اکتوبر کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب کی صدارت پیپلزپارٹی آزادکشمیر سندھ زون کے سیکرٹری جنرل حاجی اسحاق مغل نے کی جبکہ وزیر خزانہ، منصوبہ بندی وترقیات چوہدری لطیف اکبر، وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید، وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی، وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ خطے میں قیام امن اور سلامتی کے ایشو مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہو گئے ہیں۔ دنیا کو خطہ کے اندر انسانی مسائل کے حل کے لیے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ پارٹی کے کارکن 18 اکتوبر کے جلسے میں ایک ہاتھ میں پیپلز پارٹی کا جھنڈا اور دوسرے ہاتھ میں آزاد کشمیر کاجھنڈا لے کر آئیں اور سندھ میں مقیم کشمیریوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے رابطہ مہم میں مزید تیزی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر سلام پیش کرتے ہیں۔