مظفر گڑھ (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کسی غیر مسلم کو پاکستان کا صدر اور وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں جو آئین پاکستان سے بغاوت ہے،بلاول کو آئین پاکستان کا احترام کرنا چاہیے ۔
امیرجماعت اسلامی سراج الحق مظفرگڑھ میں جماعت اسلامی کے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو ان کے ایک بیان پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کے بنائے ہوئے آئین کے مطابق کوئی غیرمسلم پاکستان کا صدر یا وزیراعظم نہیں بن سکتا۔
جلسے سے خطاب کے بعد امیرجماعت اسلامی نے جیونیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ 2 بار آئین توڑنے والے پرویز مشرف کو باہر جانے کی اجازت ملنے پر حیرانی ہے،جس آدمی نے آئین کی 2 دفعہ خلاف ورزی کی اور توڑا اس کو کس طرح رات کے اندھیرے میں باہر جانے دیا گیا،انہوں نے بھی بہانہ بنایا کہ وہ بیمار ہیں جب کہ انہیں نہ کمر کی تکلیف تھی نہ کوئی اور بلکہ منافقت کی تکلیف تھی جو باہر جاکر ٹھیک ہوگئی۔
امیر جماعت اسلامی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال اور ایم کیوایم کا حالیہ تنازع ان کا اندرونی مسئلہ ہے۔