پشاور (جیوڈیسک) تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے جنرل سیکریٹری اور صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کو بچائیں جو زرداری لیگ بنتی جا رہی ہے۔ وزیر صحت خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی نے بلاول بھٹو کے اس بیان پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا سے سونامی اور دہشت گردی کا خاتمہ کر دے گی۔
شوکت یوسف نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کو واش آوٹ کیا،اس لیے بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کو بچانے پر توجہ دیں جو زرداری لیگ بنتی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کراچی میں امن نہ لا سکی وہ خیبر پختونخوا کی فکر چھوڑ دے۔ شوکت یوسف زئی نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ پیپلز پارٹی بتائے کہ پانچ سالہ دور حکومت میں ڈرون حملوں پر مجرمانہ خاموشی کیوں اختیار کی گئی۔