کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ بلاول کی سیاسی سوچ اپنے والد سے مختلف ہے، بلاول ہاؤس میں بلاول کا دفتر بند کر دیا گیا ہے۔ ذوالفقار مرزا کا مزید کہنا تھا کہ مجھے سوشل میڈیا کے بیانات پرشبہ ہے، ہماری پارٹی میں ہیکر بیٹھے ہوئے ہیں، ہم بلاول کو سپورٹ کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نہ پیپلزپارٹی کو چھوڑا ہے اور نہ چھوڑوں گا، میرے ساتھ جو لوگ ہیں ان کے نام ظاہر نہیں کر سکتا،پارٹی سے کتنے لوگ خفا ہیں یہ وقت بتائے گا۔ ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ جو اپنے گھر کی کونسلر کی سیٹ نہیں جیت سکتے وہ میرے خلاف بول رہے ہیں، میں آزاد سیاست کر سکتا ہوں، میں مخالفت میں اپنے آپ کو زیادہ پرسکون محسوس کرتا ہوں، ہمیں کسی سے ملنے یا جوائن کرنے کی ضرورت نہیں، اس باربھی مجھ سے لوگ رابطے کر رہے ہیں میں کسی سے نہیں مل رہا، سب سے بات کر سکتے ہیں کسی سے ملنے میں کوئی حرج نہیں۔