کروڑوں کی گیس چوری پکڑی گئی، مالک گرفتار، فیکٹری سیل کر دی گئی
Posted on August 31, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور : وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس برائے بجلی و گیس چوری نے محمود بوٹی روڈ پر واقع نوید فہیم ملز پر چھاپہ مارا ۔ ٹاسک فورس کی قیادت سینئر ایڈمن آفیسر عرفان خالد نے کی۔ ٹاسک فورس کی ٹیم نے کا رروائی کے دوران مل سے کروڑوں روپے کی گیس چوری پکڑ لی۔ مل کا میٹر لیبارٹری میں ٹیسٹ کروانے کے بعد پتہ چلا کہ میٹر ٹمپرڈ کر کے گیس چوری کی جارہی تھی۔
ٹا سک فورس نے کارروائی کر تے ہوئے مل کا گیس کا کنکشن منقطع کر نے کے علا وہ مالک ملک جلیل الرحمن کو گرفتار کروا کر تھانہ گجر پورہ میں مقدمہ درج کروا دیا اور مل کو سیل کر دیا گیا۔ ڈی سی او لاہور نسیم صادق نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس چوروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈا ئون جا ری ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ بجلی و گیس چوری کی اطلاع ڈی سی او آفس میں دیں تا کہ کارروائی کی جائے۔