کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا ہے کہ صوبے میں لاپتا افراد کے مسئلے میں کمی آئی ہے جبکہ اب کوئٹہ کی سڑکیں اب پہلے سے زیادہ محفوظ ہیں۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کی مجموعی صورتحال بہتر ہے،صوبے میں لاپتا افراد کے مسئلے میں بھی کمی آئی ہے جہاں 10 افراد لاپتا ہوتے ہیں تو 8 بازیاب ہوجاتے ہیں اور باقی کے لئے کوششیں کرتے ہیں جبکہ کوئٹہ کی سڑکیں اب پہلے سے زیادہ محفوظ ہوگئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مخصوص ذہنیت نے نفرتوں کے بیج بوئے اور آج پورا پاکستان اس کا شکار ہے جبکہ ماضی میں افغان جنگ کی مخالفت اس لیے کی کہ جس کے ہاتھ میں بندوق ہوگی وہ سب کو ڈکٹیٹ کرے گا۔
ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ کرپشن کے ذریعے بلوچستان کے اربوں روپے ہڑپ کیے گئے جس پر سابق حکومت کے خلاف بھی کرپشن کے 300 کیسز کی تحقیقات ہورہی ہیں جبکہ حکومت کے آگے بلوچستان کا مقدمہ پیش کرنے کی کوشش کررہا ہوں لیکن صوبے کی مخلوط حکومت کے درمیان پھنسا ہوں جہاں روز حساب دینا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں صوبے اور یہاں کے لوگوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث آج بلوچستان میں ہزاروں گریجویٹ بیروزگار ہیں۔