لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے نیب سے سوال کیا ہے کہ اربوں روپے کے گھمبیر اسکینڈل ثبوتوں کے ساتھ موجود ہیں، ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی، ثبوت کے ساتھ بات کی تو پسینے چھوٹ جائیں گے۔
شہباز شریف نے سندھ کے دوستوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی دم پر پیر نہیں آیا، انہوں نے نیب کو ہر طرح سے سہولت دی ، اگر ان کے کسی دور میں ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑدیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ایک بار پھر توپوں کا رخ نیب کی طرف کرلیا، بولے ثبوتوں کے ساتھ اربوں روپے کے گمبھیر اسکینڈل موجود ہیں،ان کے بارے میں کیا کیا گیا؟
شہباز شریف نے اسی پر بس نہیں کیا،خبرداربھی کیا ،کہا اگر میں ثبوت کے ساتھ بات کروں گا تو پھر پسینے چھوٹ جائیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب نے اتنے کو ہی کافی نہیں جانا،اسی تیر سے پیپلز پارٹی کو بھی شکار کرنے کی کوشش کر ڈالی،کہا سندھ کے دوستوں کو غلط فہمی ہے۔
شہباز شریف نے تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد نیب کو دعوت بھی دے ڈالی،کہا نیب بڑے شوق سے تحقیقات کرے، حقائق کچھ اور ہیں،کسی اور وقت پر بتاؤں گا۔
انہوں نے پرویز الہی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، بولے مارشل لائی دور کی حکومت کے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے دور میں 3 اضلاع کی زمینوں کے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کے لیے 90 کروڑ روپے ضائع کر دیئے گئے، اس دور میں میں لایا گیا سافٹ ویئر پرانا اور چوری کیا گيا تھا، کیا نیب نے اس کی تحقیقات کیں؟ کاش نیب اس کی تحقیقات کرتا۔