کراچی : علامہ آغا شبیر الحسن طاہری نے کہاکہ سیرت سجاد کا تقاضہ ہے کہ عبادت اور سجدوں میں اضافہ کیا جائے ،حضرت امام زین العابدین کی عمر 57برس تھی کربلا کے بعد 35فرائض امامت ادا کئے آپ نے انتہائی مشکل حالات میں امامت کی ذمہ داریوں کو نبھایا امام چہارم نے عبد کو معبود سے ہم کلام ہونے کا سلیقہ سکھایا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدر ویلفیئر آرگنائزیشن پاکستان اور امامیہ مسجد کمیٹی کے زیر اہتمام عزاء خانہ امامیہ کورنگی میں 14سو سالہ جشن ولادت امام زین العابدین کے حوالے سے منعقدہ عظیم الشان محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا محفل سے خطیب حسینیت علامہ سید محمد نقی نقوی ،آغا دانش حیدر ،حاجی جاوید کربلائی ،شبر رضا ،ایس ایم نقی اور دیگر نے خطاب کیا۔
حدیث کسا اور نظامت کے فرائض پروفیسر نجمی حسن ،جبکہ معروف شعراء اکرام ارتضیٰ جونپوری ،ظہیر عباس ،قمر امتیاز ،سید عبرت شاہ ،اور منقبت خواں سکندر زیدی ،نواب زیدی ،ناصر زیدی ،جریر رضا زیدی ،غصنفر جونپوری نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کئے۔
محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ آغا شبیر الحسن طاہری نے مزید کہاکہ ہر سید سجاد کے پروکار پر لازم ہے کہ وہ کثرت سے عبادت اور سجدوں کے ذریعے امام کا قرب حاصل کرے محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید محمد نقی نقوی نے کہاکہ امام زین العابدین نے اپنی زندگی بڑے کٹھن دور میں گزاری ،اغا دانش حیدر نے کہاکہ امام سید السجادین ہر دور میں شریعت کی پاسداری کی آپ کی زندگی کا طویل حصہ قید و بند میں گزرااللہ تعالیٰ ہمیں نیک اور صالح راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔
محفل کے اختتام پر پاکستان کی ترقی ،خوشحالی اور دہشت گردی کے خلاف اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پاک فوج کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔