اسلام آباد (جیوڈیسک) جیو کے خلاف پیمرا میں درخواست پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ہفتے کو اجلاس طلب کر لیا۔ بار کے صدر کامران مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ جیو کے خلاف کارروائی سے انتشار پیدا ہوگا۔ وزارت دفاع کی جانب سے جیو کے خلاف پیمرا کو درخواست کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ہفتے کو طلب کیا گیا ہے۔
بار کے صدر کامران مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ معاملہ افہام و تفہیم سے طے کرنا ملک کے مفاد میں ہے۔ جیو کے خلاف کارروائی سے انتشار پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وکلا برادری آزاد میڈیا کی حامی ہے۔
پاکستان بار کونسل کے رکن یاسین آزاد کا کہنا ہے کہ حکومت نے تحقیقاتی کمیشن کا اعلان کردیا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے تک پیمرا کو کوئی کارروائی نہیں کرنی چاہیے۔