بریڈ فورڈ (جیوڈیسک) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل مضبوط جمہوریت سے وابستہ ہے اور اس کے تحفظ کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں بھی پاکستان پیپلزپارٹی نے دی ہیں۔ 15 نومبر کو برمنگھم میں بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ تحریک آزادی کشمیر اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وہ بریڈ فورڈ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ تمام اجارہ دار ساٹھ برس کے عرصے میں آزاد کشمیر کو ایک میڈیکل کالج نہیں دے سکے اور ہم نے اپنے تین سالہ دور میں آزادکشمیر میں تین میڈیکل کالج اور پانچ یورنیورسٹیاں قائم کیں۔ دریں اثنا پاکستان مسلم سینٹر میں پیپلزپارٹی شفیلڈ برانچ کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں بسنے والے کشمیریوں کا فرض ہے کہ وہ پیپلزپارٹی کی ان کاوشوں کو سراہتے ہوئے برمنگھم کے جلسہ کو برطانیہ کا تاریخی جلسہ بنا دیں۔
شہر کی ممتاز شخصیت حاجی محمد یعقوب کی صدارت اور چوہدری اورنگزیب کی نظامت میں ہونے والی اس تقریب کے میزبان شفیلڈ برانچ کے حاجی محبوب حسین تھے۔ سینئر وزیرچوہدری یاسین ،سابق ڈپٹی اپوزیشن لیڈر چوہدری مظہر حسین، مختار طفیل، چوہدری خضر محبوب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔