نبی آخرالزماں محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یومِ ولادت شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے با برکت محفلیں سج گئیں

لیہ (نامہ نگار) محسنِ انسانیت، وجۂ تخلیقِ کائنات، نبی آخرالزماں محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یومِ ولادت شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے الصلوة والسلام، کلمہ اور درود کی محفلیں سجا دیں۔ قریہ قریہ لاکھوں عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کلمہ، درود اور الصلوة والسلام اور یا رسول اللہ کے نعرے بلند کرتے ہوئے سرور کائنات، فخرِ موجودات محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ روح پرور اجتماعات ملک بھر کی طرح ضلع لیہ کے شہروں، لیہ کروڑ، فتح پور، چوک اعظم، کوٹ سلطان، جمن شاہ، چوبارہ میں بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمۖ کی با برکت محفلیں سج گئیں۔

عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جشن عید میلاد النبی کے موقع پر گلی گلی کوچہ کوچہ استقبالی جھنڈوں، بینروں اور برقی قمقموں سے سجا یاگیا۔ سرکاری، نیم سرکاری، کاروباری امارات، دفاتر پر چراغاں۔ ضلع بھر میں 30 سے زائد چھوٹے بڑے جلوسوں میں سب سے بڑے جلوس لیہ اور کروڑ لعل عیسن سے برآمد ہوئے جن میں ہزاروں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شرکت کی۔ ضلع بھر کی مساجد ، مدارس اور نجی جگہوں پر حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کے سلسلہ میں خطابات ، نعت خوانی ، قرأت اور درود سلام کی با برکت محافل منعقد ہوئیں۔ لیہ میں بڑا جلوس میلاد گرائونڈ سے برآمد ہو ا جو کہ چوبارہ روڈ، شاہ مرجانا، نقشبندی سٹاپ، ناز سینما، اسلم موڑ، تھانہ سٹی لیہ، جوگی موڑ، پرانا کچہری روڈ اور صدر بازار سے ہوتا ہوا غوثیہ منزل پر اختتام پذیر ہوا۔

راستہ میں جگہ جگہ دودھ ، حلوا اور چاول کی تقسیم ۔ جلوس کی قیادت ایم این اے سید ثقلین بخاری، ایم پی اے چوہدری اشفاق، ڈی سی او لیہ ندیم الرحمان ڈی پی او لیہ غازی صلاح الدین ، مفتی احمد رضا اعظمی، صدر انجمن تاجران واحد بخش باروی اور شیخ اشرف چشتی نے کی۔ اسی طرح دعوت اسلامی کے زیر احتمام ایک بڑا جلوس بھی نکالا گیا۔ اس طرح کروڑ لعل عیسن میں بھی مرکزی جلوس دربار حضرت لعل عیسن سے برآمد ہو ا۔ جلوس ٹی ایم اے چوک ، مین بازار ، جنوبی بازار ، کلمہ چوک ، میلاد چوک ، صدیق اکبر چوک ، عمر فاروق چوک ، عثمان غنی چوک اور علی المرتضی چوک سے ہوتا ہوا جامعہ سعیدیہ رضویہ میں اختتام پذیر ہو ا۔ جلوس کی قیادت معروف عالم دین قاری محمد اشفاق سعیدی گولڑوی ، ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن ، طارق پہاڑ ، اے سی محمد اختر منڈھیرا ، ٹی ایم او ملک محمد آصف بھڈوال، قاری عظمت اللہ باروی ، قاری محمد رمضان باروی و دیگر نے کی۔ اسی طرح چوک اعظم ، فتح پور ، کوٹ سلطان ، جمن شاہ چوبارہ سمیت گردونواح میں روح پرور اجتماعات منعقد کیئے گئے۔