پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں چرچ پر ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں مسیحی برادری کی جانب سے تین دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے بشپ صادق ڈینئیل نے اس افسوسناک واقعے پر حکومت سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پشاور چرچ میں ہونے والے خود کش حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے بشپ کراچی صادق ڈینئیل نے کہا کہ مسیحی لوگ پر امن لوگ ہیں۔
چرچ میں ملک کی سلامتی کے لئے دعائیں کی جاتی ہیں اور دعائیں کرنے والوں کا تعلق کسی سیاسی یا کالعدم تنظیموں سے نہیں جو انھیں نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس افسوسناک واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسیحی برادری سمیت پاکستان میں بسنے والی تمام کمیونٹی کا تحفظ کرے۔
انکا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام اور ایسی کارروائیوں کی روک تھام کیلئے سب کو ملکر بیٹھنا ہوگا کسی ایک کا طے کردہ لائحہ عمل سے تبدیلی ممکن نہیں، اس افسوسناک واقعے پر انھوں نے ملک میں تین دن کے سوگ کا اعلان کیا جس میں تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے اور مسیحی برادری سے دعا کی اپیل کی۔