بٹ کوائن کی قدر 3 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

 Bitcoin

Bitcoin

سلیکان و یلی (اصل میڈیا ڈیسک) کرپٹو کرنسی بٹ کوائن نے تین ماہ مسلسل گراوٹ کے بعد پہلی بار 50 ہزار ڈالر فی کوائن کی حد عبور کرلی ہے، جب کہ اس کی قدر ایک بار پھر 1 لاکھ ڈالر فی کوائن تک پہنچنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔

دنیا بھر میں سب سے مہنگی سمجھی جانے والی کرپٹوکرنسی بٹ کوائن کی قدر میں اضافے سے اس میں سرمایہ کاری کرنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اوراس نے 3 ماہ بعد 50 ہزار ڈالر کی حد عبور کرلی ہے۔

الجزیرہ کے مطابق آج کاروبار کے آغاز میں بٹ کوائن کی قدر 3 اعشاریہ 8 فیصد اضافے کے بعد 50 ہزار 272 ڈالر فی کوائن تک پہنچ گئی، اس کے ساتھ ساتھ ایتھر اور کارڈینوزاے ڈے اے کرنسی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
سنگاپور میں واقع کرپٹو ایکسچینج کمپنی Luno کے ایشیا پیسیفک ہیڈ وجے ائیر کا کہنا ہےکہ ہم تین ماہ کے بعد بٹ کوائن کے حوالے سے مثبت پیش رفت دیکھ رہے ہیں۔ جس میں بہت سےعوامل کا کردار ہے جیسے کہ پے پال انکارپوریشن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ اپنی برطانوی صارفین کو کرپٹو کرنسی میں لین دین کی اجازت دے رہی ہے۔

کرپٹو کرنسی پر نظر رکھنے والے افراد کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بہتری کی راہ پر گامزن ہوگئی ہے اور توقع ہے کہ اس کی قدر ایک بار پھر 1 لاکھ ڈالر فی کوائن تک پہنچ جائے گی۔

رواں سال اپریل میں ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی جانب سے بٹ کوائن کی حمایت میں بیانات اور اس کی خرید و فروخت کرنے والی کمپنی کوائن بیس کی حصص مارکیٹ میں براہ راست لسٹنگ کے بعد اس کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ حصص مارکیٹ میں لسٹنگ ہوتے ہی اس کی قدر سوارب ڈالر سے تجاوز کرگئی تھی اور یہ کرنسی تقریبا 65 ہزار ڈالر فی کوائن پر ٹریڈ ہو رہی تھی۔

مئی میں ماحولیاتی تحفظات پر ایلون مسک کی بٹ کوائن مخالف ٹوئٹس اور چین میں اس کی مائننگ کے خلاف ہونے والے کریک ڈاؤن کی وجہ سے بٹ کوائن کی قیمت 30 ہزار ڈالر فی کوائن سے بھی گر گئی تھی۔