نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کے سینئر رہنما سبرامینیم سوامی نے کا کہنا تھا ان کی جماعت ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے اپنے منصوبے اور وعدوں کو عملی جامہ پہنائے گی اور 2016ء میں رام مندر کی تعمیر کا کام شروع ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے مندر کی تعمیر کے ضمن میں ان سے 2016ء تک وقت مانگا ہے۔ انتہاء پسند ہندو جماعت کے رہنماء نے کہا کہ مندر کی تعمیر کے لئے پارلیمان میں ووٹنگ کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے لئے صرف صدر کی جانب سے ایک پریس ریلیز بھی کافی ہے اور یہ پریس ریلیز کابینہ تیار کر سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ برسوں سے ہم مندر کی تعمیر کا انتظار کر رہے ہیں آخر ہم کتنا انتظار کریں گے۔
واضح رہے کہ انتہاء پسند ہندوں نے ریاست اتر پردیش کے علاقے ایودھیا میں 6 دسمبر 1992ء کو تاریخی اہمیت کی حامل بابری مسجد کو شہید کردیا تھا جس کے بعد بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات کا لامتناہی سلسلہ شروع ہوا۔