نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر دفاع اور سینئر کانگریس رہنما اے کے انتھونی نے بی جے پی کے انتخابی منشور کو ملکی سالمیت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بارے آئین کی دفعہ 370 کو چھیڑا گیا تو ملک تقسیم ہو جائے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے ایک بیان میں اے کے انتھونی نے کہا کہ زعفرانی لبادے میں لپٹا ہوا فرقہ واریت پر مبنی ایجنڈا ملک کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے لہذا اس طرح کے ایجنڈے پر عملدرآمد جمہوری ملک میں ناقابل قبول ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دفعہ 370 کی بات کرکے بی جے پی نے ایک نئی بحث شروع کر دی ہے جس کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت کو برقرار رکھنے کیلئے سب کو ساتھ چلنا ہو گا۔
ایک ایسے وقت میں اس طرح کا بحث شروع کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے جب ہمسائیہ ملک افغانستان میں انتخابات مکمل ہوئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر افغانستان میں انتہا پسندوں کے حق میں کوئی حکومت بنتی ہے تو اس طرح کے بحث خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔