بجوات سیکٹر میں بھارتی فوج کی ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ

 Indian Army

Indian Army

سیالکوٹ (جیوڈیسک) بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، آج بھی بجوات سیکٹر کے متعدد علاقوں میں گولہ باری سے کئی مویشی مارے گئے۔ بلا اشتعال بھارتی کارروائیوں نے مقامی آبادی کو مشتعل کر دیا۔

بھارت کی جانب سے جمعرات کی شام بجوات سیکٹر میں ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔ گولہ باری کی زد میں آ کر درجنوں مویشی ہلاک ہو گئے۔ چناب رینجرز نے جوابی کارروائی کر کے دشمن کی گنیں خاموش کرا دیں۔ صورتحال کے ستائے مقامی افراد کی محفوظ علاقوں کی جانب نقل مکانی بھی جاری ہے۔

دوسری جانب بھارتی کارروائیوں کیخلاف باجڑہ گڑھ سیکٹر کے گاوں جوئیاں کے مکین سراپا احتجاج بن گئے۔ انہوں نے بھارت کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرے میں شریک خواتین سینہ کوبی کرتی رہیں۔ چناب رینجرز کے ڈی جی میجر جنرل طاہر خان اور سیکٹر کمانڈر بریگیڈئیر متین احمد خان نے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا۔

انہوں نے پاکستانی علاقوں میں ہونیوالے نقصانات کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی اور بتایا کہ حالیہ دنوں میں ایک رینجرز اہلکار اور دو شہری شہید ہو چکے ہیں۔