نیویارک (جیوڈیسک) کینیڈا کی سمارٹ فون بنانے والی کمپنی بلیک بیری نے سٹریٹیجک اختیارات کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی ہے جس کی مدد سے کمپنی کو فروخت کیا جا سکے گا۔ کمپنی چاہتی ہے کہ سمارٹ فونز سیریز 10 کی فروخت میں اضافے کے پہلوں کو دیکھا جائے اور اس میں دیگر کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری بھی ہو سکتی ہے۔ بیلک بیری کے بورڈ ممبر ٹیموتھی ڈیٹلز اس نئی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
انہوں نے بتایا ہمارے خیال میں یہ مناسب ترین وقت ہے کہ سٹریٹیجک متبادلات تلاش کیے جائیں۔ گذشتہ سال کے دوران انتظامیہ اور بورڈ نے اپنی توجہ بلیک بیری 10 پلیٹ فام اور بی ای ایس 10 کو متعارف کرانے پر مرکوز رکھی، اس کے علاوہ مضبوط مالی پوزیشن قائم کرنے، گاہکوں اور حصص مالکان کو طویل المدتی فائدہ مہیا کرنے کے نقطہ نظر پر توجہ رہی۔
بلیک بیری میں سب سے زیادہ حصص رکھنے والی کمپنی فیئر فیکس فنانشل کے چیئرمین پرِیم واستا نے بورڈ کی رکینیت سے استعفی دے دیا ہے۔ پریم واستا کے مطابق ان کے اس اقدام کا مقصد مفادات کے کسی بھی ممکنہ ٹکرا کو روکنا تھا۔ بلیک بیری کو گذشتہ کچھ عرصے سے ایپل اور اینڈروئڈ کے موبائل فونز کے ساتھ مقابلہ کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اور کمپنی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ مارکیٹ میں اپنا کھویا ہوا حصہ دوبارہ حاصل کیا جا سکے۔ کمپنی نے گذشتہ سال کے دوران تیس لاکھ صارفین کھو دیے اور رواں سال بلیک بیری کمپنی نے اپنا نام بھی تبدیل کر دیا ہے۔ اس سے قبل اسے ریسرچ ان موشن کہا جاتا تھا۔ کمپنی کو آخری سہ ماہی میں آٹھ کروڑ چالیس لاکھ ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور توقع کی جا رہی کہ ستمبر تک کی سہ ماہی میں اسے مزید مالی خسارے کا سامنا ہو گا۔