کالی بھیڑوں کیخلاف کاروائی کے بغیر جاری مہم کامیاب نہیں ہوسکتی، شہباز شریف

 Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

وزیراعلی شہباز شریف نے بجلی اور گیس چوری کے خلاف مہم کے دوران متعلقہ محکموں کے چوری میں ملوث افسروں اور اہلکاروں کو گرفتار نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالی بھیڑوں کیخلاف کارروائی کے بغیر جاری مہم کامیاب نہیں ہو سکتی۔

ٹاسک فورس برائے انسداد بجلی و گیس چوری کا اجلاس وزیراعلی شہباز شریف کی زیرصدارت لاہور میں ہوا۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی ملی بھگت کے بغیر بجلی و گیس چوری ممکن نہیں۔ کالی بھیڑوں کے خلاف کاروائی ضروری ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی اور گیس چوری کرانے والے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف فی الفور کاروائی عمل میں لائی جائے اور سات روز میں رپورٹ پیش کی جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر کاروائی میں تساہل برتا گیا تو متعلقہ محکموں کے سربراہوں سے باز پرس کی جائے گی۔

وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ کرپشن اور وسائل کی لوٹ مار قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ قومی وسائل لوٹنے والوں کو بے نقاب نہ کیا تو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ جس بھی افسر یا اہلکار نے بجلی و گیس چوری کرائی۔ اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ محکموں کی نشاندہی پر بجلی اور گیس چوری میں ملوث افسروں اور اہلکاروں کی گرفتاری کو یقینی بنائیں۔