گستاخ رسول، گستاخ اہل بیت اور گستاخ صحابہ کا مرتکب سزائے موت کا مستحق ہے، صاحبزادہ فیض الحسن

Tariq Pahar

Tariq Pahar

کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) گستاخ رسول، گستاخ اہل بیت اور گستاخ صحابہ، کا مرتکب سزائے موت کا مستحق ہے۔ اسلامی قوانین میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔ موجودہ حکومت ملک میں آئین کی پاسداری اور عوام کی بھلائی کیلئے کام کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن ممبر سٹینڈنگ کمیٹی برائے مذہبی امور نے گزشتہ روز معروف عالم دین قاری محمد اشفاق سعیدی گولڑوی ڈویژنل کنوینئر جماعت اہل سنت کی جانب سے دیئے گئے عشایئے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور ان کی کابینہ ملک میں بتدریج اسلامی نظام کی کوششوں میں مصروف ہے۔

آئین اور قانون کی پاسداری اور عوام کی بھلائی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ صاحبزادہ فیض الحسن نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت کو 5 سال مکمل کرنے دیئے جائیں تو ملک میں انصاف کا بول بالا ہو گا۔ اور توانائی، بے روزگاری جیسے مسائل بھی حل ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ جماعتیں بے خبری میں حکومت کے خلاف غیر آئینی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ جن کو عوام کی طاقت سے روکنا ہو گا۔ اس موقع پر طارق پہاڑ، سید غوث محمد شاہ گیلانی، چوہدری اطہر مقبول اور افضل زبیری سمیت دیگر افراد موجود تھے۔