اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ حکومت سوشل میڈیا ویب سائٹ سے گستاخانہ مواد ہٹانے کیلئے پرعزم ہے، امید ہے فیس بک انتظامیہ تعاون کریگی، انہوں نے ایف آئی اے کو ملوث عناصر کی نشاندہی کیلئے حساس اداروں سے بھی مدد لینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر داخلہ کی زیرصدارت اجلاس میں ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ گستاخانہ مواد کی تشہیر اور انہیں اپ لوڈ کرنے والے 11 افراد کا پتا لگایا جا چکا ہے، چند افراد سے تفتیش کیلئے انٹرپول سے بھی مدد لی جائے گی۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ معاملے پر معلومات لینے کیلئے فیس بک انتظامیہ کو خط لکھا جا چکا ہے جس کے جواب کا انتظار ہے۔ بین الاقوامی عدالتوں میں اس کیس کی پیروی کے لئے معروف قانون دانوں سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔