گستاخانہ خاکوں کیخلاف تحریک انصاف کی کراچی میں ریلی

PTI Rally

PTI Rally

کراچی (جیوڈیسک) گستاخانہ خاکوں کیخلاف تحریک انصاف کے تحت کراچی میں پریس کلب سے فرینچ قونصلیٹ تک ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے فرانسیسی قونصل جنرل کو مذمتی یادداشت جمع کرائی اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ فرانسیسی جریدے میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف تحریک انصاف کے تحت کراچی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کارکن پریس کلب پر جمع ہوئے اور پھر ر یلی کی شکل میں کلفٹن باتھ آئی لینڈ میں فرانسیسی قونصلیٹ پہنچے۔

اس موقع پر سکیورٹی پر موجود پولیس حکام نے ریلی کے قائدین سے مذاکرات کیے، جس کے باعث مظاہرین نے نہ تو حفاظتی حصار عبور کیا نہ ہی کسی قسم کی اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کیا۔ تاہم تحریک انصاف کے رہنماوں نے گستاخانہ خاکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سفارتی سطح پر اس معاملے کو مزید اجاگر کرے۔

بعد میں تحریک انصاف کا وفد پولیس کی نگرانی میں فرانسیسی قونصل جنرل کی رہائش گاہ پہنچا،جہاں انہوں نے مذہمتی یادداشت جمع کرائی اور مطالبہ کیا کہ توہین آمیز خاکے بنانے اور شایع کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ فرانسیسی قونصل جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ وہ فرانسیسی اعلیٰ حکام کو مظاہرین کے مذہبی جذبات سے ضرور آگاہ کریں۔