کراچی (جیوڈیسک) دینی جماعتوں نے فرانسیسی میگزین میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف آج جمعہ کو احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی مغرب میں مسلمانوں کیخلاف جاری انتہا پسندی کیخلاف آج اور اتوار کو کراچی میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔
فرانسی میگزین میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے خلاف جہاں ملک کے اعلی ایوانوں میں منتخب نمائندے سراپا احتجاج ہیں، وہیں دینی جماعتوں نے بھی اس مذموم حرکت کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اعلان کیا ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار کے نام پر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت دراصل مغرب کی اسلام دشمنی کاشاخسانہ ہے، جماعت اسلامی خاکوں کی اشاعت کے خلاف ملک بھر میں جمعہ اور اتوار کو احتجاج کرے گی۔
سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ فرانسیسی جریدے کا لاکھوں توہین آمیز خاکے شائع کرنیکا اعلان عالمی امن تباہ کرنے کی سازش ہے۔ جمعیت علماء پاکستان کراچی کے رہنما صدیق راٹھور نے 25 جنوری کو تحفظ ناموس مصطفی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھی مغربی ذرائع ابلاغ میں توہین رسالت کی شدید مذمت کی ہے اس کے علاوہ دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں نے بھی احتجاج کی حمایت کی ہے۔