بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں قسمت نے ساتھ نہیں دیا : طارق اعوان

Blind Cricket World Cup

Blind Cricket World Cup

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ طارق اعوان کا کہنا ہے کہ بھارت میں 2016ءمیں ہونے والے بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں شکست کا بدلہ چکانے کی کوشش کرینگے۔

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف پاکستان کی ٹیم نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا لیکن بدقسمتی کی وجہ سے جیت پاکستان کا مقدر نہ بن سکی جس پر پوری قوم کی طرح ہمیں بھی بہت مایوسی ہوئی۔

پاکستان نے فائنل میں آخری اوور تک مقابلہ کیا لیکن قسمت بھارت کے حق میں تھی۔ فائنل میں پاکستانی ٹیم پر کوئی نفسیاتی دباﺅ نہیں تھا بلکہ بھارت کے خلاف لیگ میچ جیتنے کی وجہ سے قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا مورال بلند تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے فائنل میں ہارنے کے باجود پاکستان کی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم ہے اور ٹیم مستقبل میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ ٹاس ہارنے کی وجہ سے ہمیں گیلی وکٹ پر پہلے بیٹنگ کرنا پڑی جس کا بھارت نے فائدہ اٹھایا اور خاص کر چیتن پٹیل کی بیٹنگ نے پاکستان کی شکست میں اہم کردار ادا کیا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیم سینئر ز جونیئرز کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں سینئرز کی جگہ نئے کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت کے بارے میں بھی غور کیا جائے گا۔طارق اعوان نے کہاکہ پاکستان نے بلائینڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بلائنڈ ٹیم نے ملک کے لئے اعزازت حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔