کراچی (جیوڈیسک) نشتر پارک میں یوم پاکستان کے حوالے سے ہونے والے کنونشن میں جماعت اسلامی کے کارکنان کا جوش قابل دید تھا۔ خواتین کی بڑی تعداد بھی کنونشن میں شریک تھی۔ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کا کہنا تھا عوام نے نواز شریف کو بھارت سے دوستی کا مینڈیٹ نہیں دیا۔
بھارت سے دوستی کشمیر سے دشمنی کے مترادف ہے۔ انھوں نے کہا کہ فوجی آپریشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ کنونشن سے طالبان کمیٹی میں شامل جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخواہ کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کے لئے طالبان سے مذاکرات کرنے پر آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے متفقہ فیصلہ کیا تھا۔
اب مذاکرات کے بجائے فوجی آپریشن کی بات کرنا غیر مناسب ہے۔ کنونشن میں نج کاری کی پالیسی تبدیل کرنے، مہنگائی کے خاتمے اور تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت انتقامی کارروائیاں بند کرنے کی قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔