لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی نے ثقلین مشاق سے معاہدے میں توسیع سعید اجمل کے ایکشن کی رپورٹ آنے تک موخر کر دی۔
دوسرا کے موجد کی خدمات ایک ماہ کیلیے حاصل کی گئی تھیں، اس دوران انھوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سعید اجمل کا ایکشن درست کرنے کیلیے کام کیا، چند روز قبل چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ آف اسپنر کے بازو کا خم15ڈگری کی قانونی حد کے قریب آچکا ہے، بدھ کو اطلاعات سامنے آئیں کہ ابھی2 ہفتے مزید کام کی ضرورت ہو گی، گذشتہ روز بورڈ کی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ نجی طورپر ایکشن کا جائزہ لینے کیلیے سعید اجمل کو 10نومبر کو انگلینڈ بھجوایا جارہا ہے، رپورٹ آنے کے بعد کرکٹ کمیٹی جائزہ لے گی کہ آف اسپنر کیساتھ کام کرنے کیلیے ثقلین مشاق کی مزید کتنے عرصے تک خدمات حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب ثقلین مشتاق جمعے کی صبح انگلینڈ واپس روانہ ہو جائینگے، انھوں نے کہا کہ لوبرو میں سعید کے غیر سرکاری بولنگ ایکشن ٹیسٹ کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا، وہ انگلینڈ کی میری اکیڈمی میں بھی بہتری کی کوشش جاری رکھیںگے، ثقلین نے کہا کہ میری واپسی کی وجہ چند دیگر مصروفیات ہیں، اسے کسی اور معاملے سے جوڑنا درست نہ ہو گا۔