کراچی (جیوڈیسک) پی سی بی نے قومی کرکٹرز پر تجوری کا منہ کھول دیا، سینٹرل کنٹریکٹ کا2013 والا سابقہ فارمولا دوبارہ لاگو ہو گیا، تمام ٹیم اور انفرادی بونس دیے جائیں گے، ہر نمایاں کارکردگی کھلاڑی کوکئی لاکھ روپے کا حقداربنا دے گی۔
ٹیسٹ میں سنچری تقریباً سوا تین لاکھ اور ڈبل سنچری5.75 لاکھ روپے دلائے گی، اننگز میں5 یا زائد وکٹ پر تقریباً سوا تین لاکھ اور میچ میں 10 وکٹ پر11 لاکھ روپے سے زائد رقم اکاؤنٹ میں منتقل ہو گی،میچ اور سیریز ون بونس بھی دیا جائے گا، بورڈ نے پہلے کھلاڑیوں کو بونسز کی جگہ ماہانہ مشاہرہ دگنا کرنے کی پیشکش کی تھی مگر پھر2سال پرانا سسٹم بحال کرنے پر اتفاق ہوگیا، ماضی کے مقابلے میں 10 سے 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز کا سینٹرل کنٹریکٹ31مارچ کو ختم ہوگیا تھا جسے پھر 30 جون تک توسیع دے دی گئی،کھلاڑیوں اور بورڈ میں گذشتہ کچھ عرصے سے اس ضمن میں مذاکرات جاری تھے، اب اس معاملے کا خوشگوار اختتام ہوگیا ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ بورڈ نے پلیئرز کے نمائندے مصباح الحق اور اظہر علی کو آپشن دیا تھا کہ بونسز کی جگہ ماہانہ مشاہرے دگنے کردیتے ہیں، اس پر وہ متفق بھی تھے مگر دیگر سینئرز نے حامی نہ بھری، پی سی بی چونکہ سپر لیگ پر اربوں روپے خرچ کر رہا ہے اور غیرملکی کرکٹرز کو بھی کروڑوں روپے دیے جائیں گے۔