بورڈ نے ’’قربانی کے بکرے‘‘ کی تلاش شروع کر دی

Cricket Board

Cricket Board

کراچی (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرمناک شکست کے بعد پی سی بی نے ’’قربانی کے بکرے‘‘ کی تلاش شروع کر دی، برہم چیئرمین نجم سیٹھی نے وطن واپسی پر کپتان سمیت ’’کوچزکی فوج ‘‘ کو طلب کر لیا ہے۔ ان سے سخت باز پرس کرتے ہوئے شکست کی وجوہات طلب کی جائیں گی، فیلڈنگ کوچ شعیب محمد سے ذمہ داری واپس لینے کا پہلے ہی فیصلہ ہو چکا، کوچ معین خان کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان ثبت نظر آتا ہے، محمد حفیظ کی جگہ شاہد آفریدی کو قیادت سونپنے کی تجویز نے بھی دوبارہ زور پکڑ لیا۔

دوسری جانب ٹیم ذرائع کے مطابق اختتامی 3 اوورز میں 59 رنز کی پٹائی نے پلیئرز کو حواس باختہ کر دیا تھا، معین تمام تر کوشش کے باوجود پلیئرز کے حوصلے بلند نہ کر سکے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف 84 رنز کی شکست کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی، بیٹنگ لائن بدترین ناکامی کا شکار ہوئی اور صرف 82 رنز پر ہتھیار ڈال دیے، چیئرمین بورڈ نجم سیٹھی اس پر سخت برہم ہیں۔