کراچی (خصوصی رپورٹ ) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہا ہے کہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے بلا تفریق رنگ و نسل عوامی خدمت کے لئے جد وجہد میں مصروف ہیں قائد تحریک کے وژن پر عمل کرتے ہوئے علاقائی ترقی اور گلیوں اور محلوں کی سطح پر عوام کومسائل سے نجات دلا ئیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم پی اے ترقیاتی فنڈز سے اپنے حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں کا میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر متعلقہ افسران کے علاوہ شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران بھی موجود تھے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے ترقیاتی منصوبوں پر جاری تعمیری کام کے معائنے اور علاقائی سطح پر عوام کو درپیش بلدیاتی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور اسے جلد ازجلد مکمل کیا جائے اس موقع پر عوام کی جانب سے درپیش علاقائی مسائل کے حوالے سے شکایات سننے کے بعد موقع پر موجود شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی اور فراہمی و نکاسی آب سمیت دیگر بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے جاری انتظامات کو مزید بہتر بنا کر عوام کو درپیش شکایات کا ازالہ کیا جائے۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حق پرست قیادت شہر کی تعمیر ترقی اورعوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے قائد تحریک محترم الطاف حسین کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے شب روز جد وجہد میں مصروف ہے اور انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جائے گا۔