بلدیاتی ادارے عوام کو سہولتوں کی فراہمی میں ناکام ہوچکے ہیں، علاقے کھنڈرات میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ عصمت انور محسود

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء سابق صوبائی اسمبلی حلقہ PS-120کے اُمیدوار عصمت انور محسود نے کہاکہ سندھ حکومت عوام کو مقامی سطح پر عوام کو علاقائی مسائل سے نجات اور سہولیات کی فراہمی میں مکمل ناکام ہوچکی ہے علاقائی مسائل کی وجہ سے عوام شدید اذیت میں مبتلا ہوچکے ہیں علاقے کھنڈرات میں تبدیل ہوتے جارہے ہیں اور بلدیاتی ادارے ہوش کے ناخن نہیں لے رہی صرف زبانی جمع خرچ سے کام لیا جارہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل ٹائون کے علاقے عظیم پورہ، گرین ٹائون، گولڈن ٹائون، پنجاب ٹائون اور موریہ خان گوٹھ اور اس سے ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں و کارکنان اور علاقہ مکینوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر علاقہ مکینوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماء عصمت انور محسود کو علاقائی مسائل سے آگاہ کرت ہوئے بتا یا کہ بلدیاتی ادارے عوامی مسائل پر توجہ نہیں دے رہے ہیں عوام علاقائی مسائل کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں اس موقع پر عصمت انور محسود نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) عوامی مسائل پر خاموش نہیں بیٹھے گی انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی اداروں کو علاقائی مسائل حل کرنے کا پابند بنائے ورنہ عوام ظالم اور عوام دشمن حکومت اور افسران کا محاسبہ کریں گے عصمت انور محسود نے کہاکہ عظیم پورہ، گرین ٹائون، گولڈ ن ٹائون سمیت ملحقہ علاقوں میں عوامی مسائل کو فوری حل کیا جائے۔

صفائی وستھرائی کے ناقص نظام ،پینے کے پانی کی عدم فراہمی اور سیوریج کا ناکارہ سسٹم درس کرکے عوام کو مسائل سے نجات دلائی جائے انہوں نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن) علاقائی مسائل کے حوالے سے عوام کی آواز حکومتی ایوانوں میں اُٹھائے گی عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔