کراچی (خصوصی رپورٹ ) حق پرست اراکین اسمبلی سید خالد احمد اور نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ترقی اور عوامی خوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے علاقائی مسائل کے حوالے سے عوام میں پائی جانے والی احساس محرمیوں کا خاتمہ کرکے شہر کے شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں اور اداروں کے تعاون سے عوام کو مسائل سے پاک ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے گا
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل زون کے مرکزی آفس میںبلدیہ کورنگی کے افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم اور ڈی ایم سی کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔
حق پرست اراکین اسمبلی نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمات کی انجام دہی کے حوالے سے محکمانہ کار کردگی کو مزید بہتر بنا ئیں اور عوامی مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے اقدامات کریں اراکین اسمبلی نے کہاکہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی اور صحت مند ماحول کا قیام بلدیاتی اداروں کے اولین فرائض میں شامل ہے لہذا صفائی وستھرائی کے حوالے سے اقدامات کی بہتری کے حوالے سے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کئے جائیں حق پرست اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ آبادی کے تناسب اور بڑھتے ہوئے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کے سد باب کے لئے بلدیاتی اداروں سے مالی بحران کا خاتمہ کیا جائے۔
خصوصاً ضلع کورنگی میں خصوصی ترقیاتی پیکجز کا اعلان کیا جائے اس موقع پر اراکین اسمبلی نے بلدیہ کورنگی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ذرائع سے آمدن میں اضافے کے لئے ٹیکس نیٹ ورک کے نظام کو بہتر بنا نے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ علاقائی ترقی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کی بہتری کے لئے یونین کونسل کی سطح پر شکایتی مراکز قائم کئے جائیں تاکہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنا یا جاسکے اجلاس میں شاہ فیصل، لانڈھی اور کورنگی زونز کے فوکل پرسن نے اپنے زونز میں مون سون برسات کے حوالے سے برساتی نالوں کی صفائی ،گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری اور سرسبز ماحول کے قیام کے حوالے سے جاری انتظامات پر حق پرست اراکین اسمبلی کو تفصیلی بریفنگ دی۔