کراچی (جیوڈیسک) ایف بی آر نے بول گروپ کے لیے آلات اور مشینری ڈیوٹی ادا کیے بغیر غیر قانونی طور پر پاکستان منگوانے پر گروپ کے چیئرمین شعیب شیخ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 روز میں وضاحت طلب کر لی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن ایف بی آر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلیم اللہ کی طرف سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ کو مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بول چینل کے لیے آلات، مشینری اور دیگر سامان ڈیوٹی اورٹیکس اداکیے بغیر غیرقانونی راستوں سے پاکستان منگوایاگیا۔ یہ مشینری اورآلات بول کراچی آفس کی ساتویں اور نویں منزل پرنصب کیے گئے ہیں۔
ساتویں منزل پرپروڈکشن کنٹرول روم اورنویں منزل پرسینٹرل انجینئرنگ روم اور ماسٹرکنٹرول روم بنایا گیا ہے۔ الزامات کی چھان بین کے لیے باضابطہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیاہے کہ بول ٹی وی کے لیے لائی گئی تمام مشینری اور آلات کی قانونی دستاویزات اوراس کے لیے درکار سرمائے کے منبع کی تفصیلات 28مئی تک فراہم کی جائیں ورنہ فوجداری کارروائی کی جائے گی۔