بولان اور مستونگ میں فورسز کا آپریشن، 8 افراد ہلاک

Balochistan

Balochistan

کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان کے ضلع بولان اور مستونگ میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن میں 8 مسلح افراد ہلاک ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع بولان عبدالوحید شاہ نے بتایا کہ مچھ کے علاقے میں چار روز قبل اندرون ملک جانے والی کوچز سے اغوا کے بعد 13 افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد لیویز اور سیکورٹی فورسز نے مچھ کے علاقے گشتری میں سرچ آپریشن شروع کیا اس دوران مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں 6 مسلح افراد ہلاک ہوگئے جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ علاقے میں سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔ دوسری جانب ایف سی بلوچستان کے ترجمان کے مطابق ضلع مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں مسلح افراد نے ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا اور جدید اسلحے سے فائرنگ کی۔ ایف سی کی جوابی فائرنگ سے دو حملہ آور ہلاک ہوگئے، ان کے قبضے سے اسلحہ، ڈیٹونٹر اور موبائل سمز برآمد ہوئیں۔