بولیویا (جیوڈیسک) بولیویا میں احتجاج کرنے والے کان کنوں نے مبینہ طور پر ملک کے نائب وزیرداخلہ روڈولفو ایلانز کو اغوا کے بعد قتل کر دیا ہے۔
حکومتی وزیر کارلوس رومیرو نے اس واقعے کو “بزدلانہ اور وحشیانہ قتل” قرار دیتے ہوئے کان کنوں سے لاش واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
46 سالہ ایلانز کان کنوں سے مذاکرات کے لیے گئے تھے جو کہ کان کنی کے قوانین پر پیدا ہونے والے تنازع کے باعث سراپا احتجاج تھے۔
مظاہرین قوانین میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں اور منگل کو ہونے والے مظاہرے اس وقت پرتشدد صورت اختیار کر گئے جب مظاہرین نے ایک مرکزی شاہراہ بلاک کر دی اور پولیس سے ان کی جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
بعد ازاں مظاہرین نے جمعہ کی صبح کو حکومت کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی تھی۔
یہ مظاہرین جائے کار پر زیادہ رعایت کے علاوہ کسی نجی یا غیر ملکی کمپنی کے لیے کام کرنے کا حق چاہتے ہیں۔
اس سے قبل کہ حکام نائب وزیر کی موت کی تصدیق کرتے، مقامی ذرائع ابلاغ نے خبر دی کہ ایک ریڈیو اسٹیشن کے ڈائریکٹر نے مقتول وزیر کی لاش دیکھی ہے۔