بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی کا 4 سالہ بیٹا کینسر کے مرض میں مبتلا

Imran Hashmi

Imran Hashmi

ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی اداکار عمران ہاشمی کے 4 سالہ بیٹے ایان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ہدایت کار مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ عمران ہاشمی نے انہیں اسپتال سے فون کر کے بتایا کہ ڈاکٹرز نے ان کے 4 سالہ بیٹے ایان کے گردے میں کینسر کی تشخیص کی ہے، مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ عمران بچے کی بیماری کی وجہ سے انتہائی پریشانی میں متبلا ہے اور جس وقت اس نے فون پر اطلاع دی تو اس کی آواز بھی بھرائی ہوئی تھی۔

مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ عمران نے بتایا ہے کہ ڈاکٹرز نے ابتدائی طور پر بچے کے گردے کی سرجری کرانے کا کہا ہے جس کے بعد اس کی کیمو تھراپی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عمران ہاشمی نے فلم ’’مسٹر ایکس‘‘ کی شوٹنگ کے لئے جنوبی افریقا جانا تھا تاہم اب فلم کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی ہے اور پروڈیوسر نے فیصلہ کیا ہے کہ فلم کی شوٹنگ ممبئی میں ہی کی جائے گی تا کہ عمران ہاشمی اس میں حصہ لینے کے ساتھ اپنے بچے کی دیکھ بھال بھی کر سکیں۔