ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کے وراسٹائل اداکار نانا پاٹیکر یکم جنوری کو 63 برس کے ہوجائینگے۔ 1 جنوری 1951 کو بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے گاں مرود جنجیرا میں پیدا ہونے والے نانا پاٹیکر نے اپنے فلمی کیریئر کا آغار 1978 میں فلم گمنام سے کیا۔ 1987 میں فلم مہرے اور 1988 میں فلم سلام بمبئی کے بعد 1989 میں فلم پرندہ میں ولن کے کردار نے انہیں بالی وڈ انڈسٹری میں نمایا ں مقام دلواتے ہوئے انہیں بہترین معاون اداکار کے نیشنل فلم ایوارڈ کا حقدار ٹھہرایا۔
نانا پاٹیکر نے اس کے بعد کرانتی ویر، اگنی ساکشی، انگار، خاموشی؛ دی میوزیکل، وجود، غلامِ مصطفی، اب تک چھپن/اب تک چھپن ٹو، پاٹ شالہ،ا پھارن، ٹیکسی نمبر 9211، ویلکم اور راج نیتی جیسی کامیاب فلموں سمیت لاتعداد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
مکالموں کی بے ساختہ ادائیگی کے حوالے سے اپنی شناخت رکھنے والے نانا پاٹیکر نے کئی بار بہترین اداکار کے نیشنل فلم ایوارڈ، فلم فیئر اور اسٹار اسکرین سمیت کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔ نانا پاٹیکر کی آنے والی فلموں میں انکی بلاک بسٹر فلم ویلکم کا سیکوئل ویلکم بیک شامل ہیں جو رواں سال ہی سینما گھروں کی زینت بنے گا۔