لاہور (جیوڈیسک) بھارتی فلموں کے معروف اداکار رضامراد نے پاکستان یاترا کی ہیٹ ٹرک کے لیے تیاریاں شروع کر دیں۔ وہ پہلی مرتبہ اکیلے پاکستان آئے تھے۔
پاکستانیوں کے پیار نے انہیں اتنا متاثرکیا کہ اگلی بار وہ اپنی اہلیہ کوساتھ لائے، لیکن اس مرتبہ ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ ہی نہیں بلکہ بیٹی بھی پاکستان کی سیرکرنے کے لیے آیندہ ماہ مارچ کے پہلے ہفتے واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچیں گی۔
دس روز پر مشتمل اس نجی دورے کے دوران رضا مراد اپنی اہلیہ اوربیٹی کے ہمراہ لاہور، کراچی اوراسلام آباد کے علاوہ دیگراہم مقامات پربھی جائیں گے، جب کہ لاہور اوراسلام آباد میں آباد اپنے رشتے داروں سے بھی ملاقات کرینگے۔
رضا مراد نے تیسری بار پاکستان آمد کے حوالے سے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ہمیں ویزہ جاری کردیا گیا ہے۔ میں جب پاکستان آیا تو پاکستانیوں ، خصوصاً لاہوریوں کی مہمان نوازی نے ہمیں خوش کردیا تھا۔ اسی لیے اب میں نے جب پاکستان جانے کی بات کی تومیری بیٹی بھی ساتھ چلنے کے لیے تیار ہو گئی۔