بالی وڈ اداکاروں کی اپیل، اشتعال انگیز فلمیں نہ بنائی جائیں

Shatrughan Sinha,Hema Malini,Dharmendra

Shatrughan Sinha,Hema Malini,Dharmendra

ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کی کئی معروف شخصیتوں نے بھارت اور پاکستان دونوں ہی ممالک کے فلم سازوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی فلمیں نہ بنائے جن سے دونوں ممالک کے لوگوں کے جذبات مجروح ہوتے ہوں۔

بھارت کے 15 ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے ایک ملاقات کے دوران اپنے زمانے کے معروف اداکار دھرمیندر، اداکار اور رکن پارلیمان شتروگھن سنہا اور اداکارہ اور رکن پارلیمان ہیما مالنی جیسے فنکاروں نے کہا کہ حب الوطنی سے سرشار فلمیں بنانے کی آڑ میں ایسی فلمیں نہیں بننی چاہیں جس میں کسی ملک کو کمزور دکھایا گیا ہو یا قابل اعتراض چیزیں لوگوں کے سامنے پیش کی گئی ہوں۔

اس کے علاوہ ان فنکاروں نے یہ بھی کہا کہ دونوں ہی ممالک میں شوٹنگ کے لیے سازگار ماحول بنانا ضروری ہے تاکہ بھارت کے فنکاروں کو پاکستان اور وہاں کے فنکاروں کو بھارت آنے اور شوٹنگ کرنے میں آسانی ہو۔ واضح رہے کہ شتروگھن سنہا کے پاکستان کے سابق صدر جنرل ضیاء الحق سے کافی اچھے تعلقات تھے اور ضیاء الحق کی بیٹی زین ضیاء شتروگھن کو اپنا بھائی کہتی ہیں۔