ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکار عامر خان اور امیتابھ بچن کی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ نے 4 دن میں 117 کروڑ بھارتی روپوں کی کمائی کر لی لیکن اسے فلم کی ناکامی تصور کیا جا رہا ہے۔
’ٹھگز آف ہندوستان‘ عامر خان اور امیتابھ بچن کی ایک ساتھ پہلی فلم ہے لیکن فلم امید کے برخلاف کوئی بڑا میدان نہیں مارسکی ہے۔
فلم نے ریلیز کے پہلے روز کمائی کے سارے ریکارڈ توڑ ڈالے تھے اور ہندی سنیما کی تاریخ میں سب سے زیادہ بزنس کا ریکارڈ بنایا تھا۔
’ٹھگز آف ہندوستان‘ نے پہلے روز ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں مجموعی طور پر 52 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے کا بزنس کیا اور پہلے روز سب سے زیادہ کمائی والی بالی وڈ فلم بھی بن گئی۔
ریکارڈ بزنس اور بڑے بڑے ناموں کے باوجود ’ٹھگز آف ہندوستان‘ فلم بینوں کو متاثر کرنے میں ناکام ہوئی اور یہی وجہ ہے کہ روز بروز فلم کا بزنس گرتا جا رہا ہے۔
فلم نے ریلیز کے پہلے روز 52 کروڑ 25 لاکھ، دوسرے روز 29 کروڑ 25 لاکھ، تیسرے روز 23 کروڑ 50 لاکھ اور چوتھے روز 18 کروڑ بھارتی روپوں کا بزنس کرکے مجموعی طور پر 123 کروڑ بھارتی روپے کی کمائی کی۔
عامر خان کی یہ فلم بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں اب تک صرف 46 کروڑ 67 لاکھ کی کمائی کرسکی۔
فلم کے کاروباری پنڈتوں نے فلم کے فلاپ ہونے کی پیشگوئی کردی ہے۔
یاد رہے کہ یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ میں عامر خان، امیتابھ بچن، کترینہ کیف اور فاطمہ ثناء شیخ نے مرکزی کردار کیے ہیں جب کہ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض وجے کرشنا اچاریہ نے سر انجام دیے ہیں۔