ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی نٹ کھٹ اداکارہ و پروڈیوسر انوشکا شرما آج اپنی 26 ویں سالگرہ منارہی ہیں۔ یکم مئی 1988ء کو بھارتی ریاست اُتر پردیش کے شہر ایودھیا میں پیدا ہونے والی انوشکا شرما نے اپنے شوبز کرےئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا تاہم بالی ووڈ فلم نگری میں انکی آمد 2008 میں ادیتا چوپڑا کی فلم’رب نے بنادی جوڑی‘ سے ہوئی جس میں انکے مد مقابل بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے مرکزی کردار ادا کیا۔
رب نے بنادی جوڑی کے بعد انوشکا نے یش راج بینر کی ہی دوسری فلم ’ بدمعاش کمپنی ‘ میں کام کیا اور یہ دونوں ہی فلمیں باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرپائیں تاہم ناقدین کی جانب سے انوشکا کی اداکاری کو اچھے لفظوں میں سراہا گیا۔ فلمی دنیا میں انوشکا کی پہلی کامیاب فلم ’بینڈ باجا بارات‘ ثابت ہوئی جس میں انکے مد مقابل نئے ہیرو رنویر سنگھ جلوہ گر ہوئے جسکے بعد انہوں نے ’ پٹیالہ ہاؤس‘ ، ’لیڈیز ورسز رکی بہل‘ ، ’جب تک ہے جاں‘ اور’مترو کی بجلی کا منڈولہ‘ جیسی مختلف موضوعات پرمبنی فلموں میں کام کیا اور کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔
انوشکا کی آنے والی فلموں میں بحیثیت اداکارہ و پروڈیوسر این ایچ 10 کے علاوہ رنبیر کپور بامبے ویلوٹ اور عامر خان کیساتھ پی کے شامل ہیں جو متوقع پر طور پر رواں سال ہی سینما گھروں کی زینت بنیں گی۔