ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کی مشکلات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں پہلے ان کے شوہرراج کندرا آئی پی ایل میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے اوراب خود ان پر فراڈ کا مقدمہ درج ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ میں نجی کمپنی ایم کے میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر دیباشیش گوہا کی جانب سے پولیس کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ شلپا شیٹھی اور ان کی کمپنی ’’اسینشل اسپورٹس اینڈ میڈیا پرائیویٹ کمپنی‘‘ کے دیگر افراد پراپنی کمپنی میں 9 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی صورت میں آئندہ 2 برس کے دوران 10 گنا منافع کی پیشکش کی،کمپنی نے سرمایہ کاری کی تو اسے 30 لاکھ شیئرز جاری کئے جو جعلی نکلے اس لئے انہیں ان کی رقم واپس دلائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر پولیس مرلی دھر نے تصدیق کی ہے کہ نجی کمپنی کی درخواست پرشلپا شیٹھی اورریپو سودان کندرا کے خلاف اعتماد کو ٹھیس پہنچانے، دھوکہ دہی، بھتہ خوری، دھمکیوں اور مجرمانہ سازش کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے.