بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کی 29 ویں سالگرہ

Sonam Kapoor

Sonam Kapoor

ممبئی (جیوڈیسک) معروف ہدایتکار سنجے لیلا بھانسالی کی فلم سانوریا سے بالی ووڈ فلم نگری میں قدم رکھنے والی اداکارہ اور معروف اداکار انیل کپور کی بیٹی سونم کپور آج 29 سالگرہ منارہی ہیں۔ 9 جون 1985 کو بھارتی ریاست مہارشٹرا کے شہر ممبئی میں پیدا ہونے والی سونم نے بالی ووڈ میں شمولیت فلمساز و ہدایتکار سنجے لیلا کی بلاک بسٹر فلم بلیک میں انکی معاون کی حیثیت سے اختیار کی۔

بحیثیت اداکارہ بالی ووڈ میں انکی آمد فلم سانوریا سے ہوئی جس میں انکے مد مقابل رنبیر کپور نے مرکزی کردار ادا کیاتھاتاہم جہاں فلم باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرپائی وہیں اس فلم میں سونم کی کارکردگی کو ناقدین کی جانب سے بیحد پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس کے بعد سونم نے Delhi 6،عائشہ،آئی ہیٹ لو اسٹوریز، تھینک یو، موسم اور پلیئرز جیسی فلموں میں کام کیا جن میں سے کوئی بھی انہیں باکس آفس پر بہترین ہیروئن ثابت کرنے میں ناکام رہی۔

بالی ووڈ میں بہترین فیشن سینس کے حوالے سے منفرد پہچان رکھنے والی سونم کپور ایک طرف اپنے فلمی کیرئیر سے دلبرداشتہ ہونے کے بعد فیشن ڈیزائننگ کے شعبے میں قسمت آزمائی کرتی نظر آرہی ہیں۔گذشتہ سال سونم کی دو فلمیں رانجھنا اور بھاگ ملکھا بھاگ ریلیز ہوئیں جو دونوں ہی باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئیں اور انہیں کئی ایوارڈز کیلئے نامزد کیا گیا۔

سونم کپور کی آنے والی فلموں میں پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کیساتھ فلم خوبصورت، شاہ رخ خان کیساتھ رئیس، سلمان خان کیساتھ پریم رتن دھان پایو، دھنوش کیساتھ رب نے بنادی جوڑی کا تامل ریمیک اور سیف علی خان کیساتھ بدمعاش لونڈے شامل ہے۔