شردھا کپور فلم ’’ایک ولن‘‘ میں اداکاری کیساتھ گلوکاری بھی کریں گی

Shraddha Kapoor

Shraddha Kapoor

لاہور (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکارہ شردھا کپور اپنی آنے والی فلم ایک ولن میں اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی کریں گی۔

اداکارہ کے ایک قریبی دوست کے مطابق اس گانے کی ریکارڈنگ گزشتہ ہفتے ہوچکی ہے اور یہ گانا شردھا نے گلوکار انکت تیواری کے ساتھ مل کر گایا ہے۔ واضح رہے کہ یہ وہی انکت تیواری ہیں جنہوں نے شردھا کی فلم عاشقی ٹو گا گانا، سن رہا ہے تو ، گلوکارہ شریا گھوشال کے ساتھ گایا تھا، جس گانے نے مقبولیت کے تمام ریکاردز توڑ دیے تھے۔

ذرائع کے مطابق اداکارہ اس سلسلے میں گانے کی تربیت بھی حاصل کر رہی ہیں۔موہت سوری کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ایک ولن 27 جون کو ریلیز کی جائے گی، فلم کے مرکزی کرداروں میں شردھا کے ساتھ سدھارتھ ملہوترا جلوہ گر ہو رہے ہیں۔ شردھا کپور جنہوں نے فلم ’’تین پتی‘‘ سے فلمی کیرئیر شروع کیا جس میں انھیں لیجنڈ اداکار امتیابھ بچن اور ہالی وڈ اسٹار بن کنگسلے کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔

یہ فلم باکس آفس پر کامیاب تو نہ ہوسکی البتہ Debut فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد ہوگئیں۔ شردھا کی بطور ہیروئن 2011 میں فلم ’’لو کا دی اینڈ‘ ‘ تھی، مگر انھیں حقیقی معنوں میں بالی وڈ اسٹار بنانے والی فلم ’’عاشقی ٹو‘‘ ثابت ہوئی جو 26 اپریل 2013 ء کو ریلیز ہوئی جو مہیش بھٹ کی وشیش فلمز کے بنیر تلے بنائی جانیوالی اس فلم کے ڈائریکٹر موہت سوری تھے۔

شردھا کپور اور ادیتہ رائے کپور اس فلم کی کامیابی کے ساتھ ہی بالی وڈ پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز انھیں اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے کے لیے بے تاب نظر آنے لگے۔اداکارہ شردھا کپور کو اکشے کمار کے ساتھ ’’گبر‘‘ کی آفر ہوئی مگر حیران کن طور پر انھوں نے انکار کردیا جس پر یہ کہا جانے لگا کہ اداکارہ کو اس طرح کے فیصلے اس کے فلمی کیرئیر کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

ہدایتکار موہت سوری نے اپنی فلم ’’عاشقی ٹو‘‘ کی ہیروئن شردھا کپور کو ’’ایک ولن ‘‘ میں سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ سائن کرلیا، جس میں انھوں نے شردھا کپور کو گلوکارہ کی حیثیت سے بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیتے ہوئے گلوکار انکت تیواری کے ساتھ دوگانا ریکارڈ کیا ہے، جو شردھا کپور اور سدھارتھ ملہوترا پر ہی شوٹ کیا جائیگا۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ گائیکی کا انھیں شوق ہے اور جس پر موہت سوری نے میری حوصلہ افزائی کی ہے۔شردھا کپور نے کہا کہ میری پہلی ترجیح ایکٹنگ ہی ہوگی اور گلوکاری کو شوق کی حد تک ہی رکھنے کا ارادہ ہے۔ ’’ایک ولن‘‘ رومانٹک اور سپنس فلم ہے جس میں ریتش دیش مکھ بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ اس فلم کی پروڈیوسر ایکتا کپور ہیں ۔اداکارہ نے کہا کہ وشال بھردواج کی فلم ’’حیدر‘‘ میں ایک لیڈی پریس رپورٹر کا کردار کر رہی ہوں ، اس میں میرے مقابل شاہد کپور ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اکشے کمار کے ساتھ کام کرنے سے انکار نہیں کیا، مگر ان دنوں میری فلم ’’حیدر‘‘ کی شوٹنگ ہورہی تھی جس کے فورا بعد ’’ایک ولن ‘‘ کا اسپیل شروع ہوگیا ، جب کہ ’’گبر‘‘ بھی انھی دنوں میں شوٹ ہونے جارہی تھی جس پر میں نے معذرت کرلی حالانکہ اکشے کمار کی ہیروئن بننے پر مجھے بھی خوشی تھی۔