ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ فنکاروں کے نام پر فلمیں ہی نہیں بکتیں بھارت سمیت دنیا بھر کے ہوٹل اور ریسٹورنٹ ان کے نام پر ڈشیں بنا کر بھی خوب مال کماتے ہیں۔
دبلی پتلی کرینہ کپور کے لاکھوں پرستار ہیں لیکن دلی کے ایک اطالوی ریسٹورنٹ نے تو اس معاملے میں کمال ہی کر دیا۔ ریسٹورنٹ نے کرینہ کپور سائز زیرو پیزا متعارف کرا رکھا ہے جسے سمارٹ رہنے کے شوقین افراد شوق سے کھاتے ہیں۔
ممبئی کی ایک فوڈ چین میں اداکارہ پریانکا چوپڑا کے نام پر ایک ملک شیک فروخت کیا جاتا ہے۔ بالی وڈ فنکاروں کے نام پر ڈشوں کی فروخت بھارت کےعلاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی جاری ہے۔
اٹلی میں ایک ریسٹورنٹ نے سبزی سے تیار ہونے والی ایک ڈش اداکارہ ہما قریشی کے نام سے منسوب کر رکھی ہے۔ شوخ وچنچل اداکارہ سونم کپور کے حصے میں ایک کیک آیا ہے یہ کیک ممبئی ایک مٹھائی کی دکان نے سونم کی 25 ویں سالگرہ پر تیار کیا۔
اداکار رنبیر کپور چندی گڑھ کے ایک ہوٹل کھانا کھانے گئے تو ہوٹل مالک نے ان کے نام پر اپنی چکن ڈش کا نام رنبیر چکن رکھ چھوڑا۔ چکن کے شوقین سنجے دت کے نام پر ممبئی کے ایک ہوٹل میں چکن سنجو بابا کے نام سے ڈش دستیاب ہے۔