سالگرہ کا دن آیا ہے مگر شلپا شیٹھی کیلئے خاص خوشیاں نہیں لایا، آئی پی ایل فکسنگ سے ہیڈلائنز کی زینت بننیوالی بالی ووڈ حسینہ نے زندگی کی اڑتیس بہاریں دیکھ لیں۔ شلپا شیٹھی 8 جون 1975 کو بھارتی شہر منگلور میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 1993 میں شاہ رخ خان کے مقابل فلم “بازی گر” سے اپنے فلمی کیرئر کا آغاز کیا۔ وہ اب تک بالی ووڈ کی چالیس سے زائد فلموں میں جلوہ گر ہو چکی ہیں۔
لیکن فلم “دھڑکن” نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔ سن دوہزار میں ریلیز ہونیوالی فلم “دھڑکن” میں ان کے ساتھ بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اور اداکار سنیل شیٹھی نے اداکاری کیجوہر دکھائے۔ فلم کے گانوں نے خوب دھوم مچائی۔ فلم “رشتے” میں خوبصورت اداکاری سے انہوں نے شائقین کے دل موہ لئے۔
سن دو ہزار چار میں بننے والی فلم “پھر ملیں گے” میں انہوں نے ایڈز سے متاثرہ لڑکی کا کردار خوبصورتی سے نبھایا۔ بالی ووڈ سٹارسلمان خان کیساتھ ان کی جوڑی کو فلم بینوں نے بیحد پسند کیا۔ وہ برطانوی ریالٹی شو “بگ برادر” میں بھی شرکت کر چکی ہیں۔ شلپا آج اپنی سالگرہ منا رہی ہیں لیکن اسے اتفاق کہئے کہ سٹے بازی اور جوئے کی خبروں کی وجہ سے ان کا نام ذرایع میں خوب گردش کر رہا ہے۔