جے پور (جیوڈیسک) جے پور میں جاری ادبی میلے میں بھی عدم رواداری پر جاری تنازع کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ کاجول جے پور میں اشون سنگھی کی کتاب ’سیالکوٹ ساگا‘ کے رسم اجرا کے لیے پہنچی تھیں۔
ان سے جب عدم رواداری پر سوال کیا گیا تو انھوں نے پہلے تو اسے نظر انداز کرنے کی کوشش کی اور پھر سہل ممتنع سے کام لیتے ہوئے کہا کہ بالی وڈ میں ایسی کوئی چیز نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری انڈسٹری ہمیشہ ان چیزوں کی عکاسی کرتی رہے گی جو ہمارے سماج میں ہیں۔ یہ چلتی رہے گی اور اس میں سب کا استقبال ہے۔
یہاں کوئی خط تقسیم نہیں، نہ ذات پات کی تفریق ہے نہ رنگ و نسل کی اور نہ ہی عدم رواداری۔ اس سے قبل کرن جوہر نے کہا تھا کہ جمہوریت دوسرا سب سے بڑا مذاق ہے۔ کہاں ہے اظہار رائے کی آزادی؟۔ میں فلم ساز ہوں اور میں ہر سطح پر خود کو بندھا ہوا پاتا ہوں۔
مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کوئی قانونی نوٹس میرا انتظار کر رہا ہے۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تھا قانون جب تک الماری میں ہیں تب تک ٹھیک ہیں۔ ہمارے ملک میں قانون ایسے ہیں کہ اگر باہر آ گئے تو 377 بار انھیں ٹارچر کیا جائے گا۔
اس سے قبل شاہ رخ خان اور عامر خان کو بھارت میں عدم رواداری میں اضافے والے بیانات پر سخت تنقید کا سامنا رہا تھا یہاں تک کہ اداکار انوپم کھیر نے دہلی میں اسے کے خلاف ریلی نکالی تھی۔