حیران ہوں کہ بالی ووڈ میں 25 برس کیسے گزار لئے، جوہی چاولہ

Juhi Chawla

Juhi Chawla

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ کہتی ہیں کہ وہ 25 سال سے بھارتی فلم نگری سے منسلک ہیں جس پر انہیں حیرت ہوتی ہے کہ وہ بالی ووڈ میں اتنا عرصہ کیسے ٹک گئیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو اںٹرویو میں جوہی چاولہ کا کہنا تھا کہ انہیں بالی ووڈ میں 25 برس ہوگئے ہیں، اس دوران انہوں نے ہر قسم کے کردار کئے لیکن آج حیرت ہوتی ہے کہ وہ اب تک یہاں کیسے ٹکی ہوئی ہیں۔ 25 برس قبل انہوں نے اس کا تصور بھی نہیں کیا تھا، کیریئر کے اس مقام پر آنے کے بعد اب وہ وہی فلم کرتی ہیں جس کا کردار انہیں بہت متاثر کرتا ہے۔

جوہی چاولہ کا کہنا تھا کہ ان کی پہلی فلم سلطنت تھی جس میں سنی دیول، دھرمیندر، شری دیوی اور امریش پوری جیسے اداکار جلوہ گر تھے لیکن یہ فلم نہیں چلی۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی انہیں ’’قیامت سے قیامت تک‘‘ کی پیشکش ہوئی، فلم کی پیشکش قبول کرنے پر ان کے دوستوں نے انہیں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا مشورہ دیا۔

کیونکہ فلم کے پروڈیوسر ناصر حسین کی فلمیں ان دنوں سینما گھروں میں ناکام ہی ہورہی تھیں اور اس فلم میں ہیرو بھی ایک نیا اداکار تھا۔ ’’سلطنت‘‘ فلاپ ہوگئی اور ’’قیامت سے قیامت تک‘‘ آج سب کو یاد ہے جب کہ کل کا نیا اداکار آج بالی ووڈ کا مسٹر پرفیکشنسٹ کہلاتا ہے۔