ممبئی (جیوڈیسک) این جی ٹیبولی ووڈکی دبنگ ہیروئن سوناکشی سنہا اور بینڈ باجا بارات سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والے ہیرو رنویر سنگھ کی بحیثیت ہیرو ہیروئن پہلی رومانٹک ڈرامہ فلم لٹیرا کے نئے گانے کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آگئی ہے۔ امیتابھ بھٹاچاریہ کے تحریر کردہ شکایتیں کے بولوں پر مبنی اس گانے کو موہن کنن اور خود امیتابھ بھٹاچاریہ کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی ویڈیو میں رنویر اور سوناکشی ساتھ ساتھ نظر آرہے ہیں۔
جبکہ گانے سمیت فلم کی موسیقی موسیقار امیت ترویدی نے ترتیب دی ہے۔ فلم اڑان سے شہرت حاصل کرنے والے ہدایت کار وکرم ادیتیہ موٹوانی کی اس فلم کو ان کے ساتھ ساتھ بالاجی ٹیلی فلمز کی ایکتا اور شوبھا کپور، وکاس بہل، انوراگ کیشپ اور مدھو مانٹینا نے پروڈیوس کیا ہے۔
اس فلم کا اسکرین پلے خود وکرم ادیتیہ موٹوانی نے بھاوانی آئیر کے ساتھ مل کر تحریر کیا ہے جس میں رنویر سوناکشی سنہا کے ساتھ پہلی بار رومانس کرتے نظر آرہے ہیں۔ فلم لٹیرا میں 1950 کی دہائی کی ایک رومانوی کہانی پیش کی گئی ہے۔
جس میں ہیرو ہیروئن اپنے والدین کی مرضی کے خلاف بھاگ کر شادی کرتے ہیں جو تلخ مراحل سے گزر کر نیا موڑ لے لیتی ہے۔ ڈرامہ اور رومانس سے بھرپور فلم لٹیرا بالاجی موشن پکچرز اور فینٹم فلمز کے تحت رواں سال 5 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔