لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ وماڈل سارہ لورین نے پانچ برس بعد شادی کرنے کا اعلان کردیا، لیکن شادی کے لیے لڑکا پاکستان اور ہندوستان سے نہیں بلکہ کسی مغربی ملک سے چُنا جائے گا، شادی فیملی کی رضامندی کے ساتھ ہو گی اور اس کے لیے پاکستان اور بیرون ملک پروقار تقریب کا بھی انعقاد ہو گا۔
شادی کے بعد خاوند کی رضامندی کے ساتھ شوبز سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ سارہ لورین نے بتایا کہ شادی کے خواہشمندوں کی لمبی فہرست بن چکی ہے جن کا تعلق پاکستان اور بھارت سے ہے لیکن فی الحال میری تمام تر توجہ اپنے پروجیکٹس پر ہے، شادی کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہے اور ابھی میرے پاس کافی وقت ہے، اس لیے میں شادی سے پہلے کچھ ایسا کام کرنا چاہتی ہوں جو میری منفرد پہچان بنے اور لوگ اس کو برسوں یاد رکھ سکیں، میں پانچ برس بعد شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں اور اس میں میری فیملی کی رضامندی بھی شامل ہو گی۔
شادی کے لیے کسی مغربی ملک سے سپنوں کے راجا کا انتخاب کرونگی، میں ایسا سوچتی ہوں مگر قسمت میں جو بھی ہو گا وہی میرا جیون ساتھی بنے گا، شادی کے بعد شوبز سرگرمیاں جاری رکھنا چاہتی ہوں لیکن اس کے لیے باہمی رضامندی کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ بالی ووڈ میں شاندار انٹری کے بعد مختلف پروجیکٹس کا سلسلہ جاری ہے، حال ہی میں میری نئی فلم ’’برکھا‘‘ کا پہلا شوٹنگ اسپیل مکمل ہوا ہے، ممبئی میں ہونے والی شوٹنگ میں میرے مد مقابل اداکار طہٰ شاہ اور پریانشو چٹرجی ہیں جب کہ فلم کے ڈائریکٹر شاداب مرزا ہیں، اس فلم میں ایک اہم مسئلے کو اجاگر کیا جائے گا۔